بنگلورو، 9؍ستمبر (ایس او نیوز) اے آئی اے ڈی ایم کے پارٹی سے برطرف کی گئی وی کے ششی کلا کی 100کروڑ روپئے مالیت کے اثاثے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ضبط کرلئے ہیں۔ذرائع سے یہ اطلاع ملی ہے۔تمل ناڈو کے پیانوروگرام میں موجود24 ایکڑ زمین کامعاملہ ہے۔ 1991 اور 1996 کے درمیان جب جیا للیتا تمل ناڈو کی وزیراعلیٰ تھیں۔اس وقت ششی کلا نے یہ زمین خریدی تھی۔2014 میں ریاست کرناٹک کی ایک خصوصی عدالت کے سابق جج جان مائیکل کنہی نے سنائے گئے فیصلہ میں جیا للیتا ان کی قریبی ساتھی ششی کلا اوران کے رشتہ دارسدھاکرن سے تعلق رکھنے والے گیارہ جائیدادوں کو غیر قانونی طریقہ سے حاصل کردہ قرار دیتے ہوئے ان جائیدادوں کی فہرست جاری کی تھی۔1990 میں خریدی گئی اس املاک کی مالیت تقریباً20لاکھ روپئے بتائی گئی تھی۔ اب اس املاک کی مالیت مارکیٹ میں ایک سو کروڑ روپئے بتائی جارہی ہے۔ 2014 میں سنائے گئے فیصلہ کے تحت انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے اس پوری املاک کو ضبط کرکے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ بدعنوانی کے معاملات میں بنگلورو کی پراپنا اگراہارا جیل میں چار سال قید کی سزا کاٹنے کے بعد ششی کلا رہا ہو کر تملناڈو پہنچنے پر ان کے طرفداروں نے ششی کلا کاشاندار استقبال کیا تھا۔